منگلورو:25/مئی (ایس اؤنیوز)گہرے سمندر میں ماہی گیری کے لئے نکلی ایک گلنٹ بوٹ ریت کے ٹیلے سے ٹکرانے کے نتیجےمیں ڈوب جانے کا واقعہ الویباگلو کے قریب بدھ کی شام پیش آیا ہے۔ حادثے میں ڈوبتی کشتی سے 10ماہی گیرو ں کو بحفاظت کنارے پہنچا کر دوسری بوٹ کے ماہی گیروں نے انسانی ہمدردی کی عمدہ مثال قائم کی ہے۔
لوک ناتھ بولار کے ملکیت والی بوٹ کچھ دن پہلے گہرے سمندر میں مچھلی شکار کے لئے نکلی تھی ۔ گہرے سمندر میں مچھلی شکار کرنے کے بعد بدھ کی شام ساحل پر لوٹ رہی تھی تو یہ حادثہ پیش آیا ہے۔ بوٹ جب الویباگلو کے قریب پہنچی تو وہاں موجود ایک ریت کے ٹیلے سے ٹکراتے ہی ٹوٹ گئی اور سمندر میں ڈوبنے لگی ۔ ڈوبتی کشتی کے ماہی گیروں نے اشاروں سے حفاظت کی گہار لگائی توقریب میں ہی ساحل لوٹ رہی ایک دوسری ماہی گیر بوٹ کے ماہی گیروں نے فوری طورپر ان کے قریب پہنچ کر کشتی میں موجودپورے 10ماہی گیروں کی جان بچاکر انہیں ساحل تک بعافیت پہنچایا۔ بتایا جارہاہے کہ بوٹ غرق ہونےسے مالک کو قریب 70لاکھ روپیوں کے مالیت کا نقصان ہوا ہے، اس سلسلے میں منگلورو کے بندر پولس تھانے میں کیس درج کرلیا گیا ہے۔
